اسلام آباد (یس ڈیسک) سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)عالم خٹک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کو بتایا ہے کہ امریکا افغانستان میں ملاعمر کو مارنے یا اسے زندہ پکڑنے کے لئے پاکستان کی مدد کو تیار ہوگیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر سید مشاہد حسین کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)عالم خٹک نے کمیٹی کو آرمی چیف کے دورہ امریکا اور پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمیٹی کے ارکان نے وزیر دفاع کی عدم شرکت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ پاک امریکا غلط فہمیاں ختم ہوگئی ہیں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی حکام کو ملا فضل اللہ سے متعلق ثبوت فراہم کئے۔ جس کے بعد امریکا افغانستان میں ملاعمر کو مارنے یا اسے زندہ پکڑنے کے لئے پاکستان کی مدد کرنے پر تیار ہوگیا ہے۔
گزشتہ دنوں امریکا نے ملا عمر کے ٹھکانے پرڈرون حملہ کیا لیکن وہ بچ نکلا۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد امریکا کا زیادہ تر اسلحہ پاکستان کے راستے سے واپس جارہا ہے۔ امریکا نے اس میں سے کچھ اسلحہ پاکستان کو دینے کی بھی حامی بھری ہے۔