کیلیفورنیا: امریکی کمپنی کے نوجوان سی ای او نے کئی ماہ تک آئیڈیل خاتون کی تلاش میں ناکامی کے بعد لوگوں سے مدد مانگتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی انہیں مستقبل کی شریکِ حیات سے ملوادے تو وہ اسے 10 ہزار ڈالر یعنی دس لاکھ پاکستانی روپے انعام میں دیں گے۔
کیلیفورنیا کی ایک کمپنی ’سیلف ہیکڈ‘ کے مالک جون کوہن نے آئیڈیل خاتون کی تلاش میں ناکامی کے بعد لوگوں سے مدد مانگنے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں انہوں نے ایک اشتہار بھی تیار کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک رومانٹک ساتھی کی تلاش میں ہیں جب کہ اشتہار میں اپنے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ 30 سالہ کوہن نے اشتہار میں لکھا کہ اگر کوئی انہیں مستقبل کی شریکِ حیات سے ملوادے تو وہ اسے 10 ہزار ڈالر یعنی دس لاکھ پاکستانی روپے انعام میں دیں گے، صرف یہی نہیں بلکہ لڑکی ڈھونڈنے والے کسی شخص کی نشاندہی کرنے والے کو بھی 2 ہزار ڈالر یعنی 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ کوہن نے کہا کہ پہلے وہ لڑکی سے ملاقات کریں گے اور مطمئن ہونے کے بعد ہی انعام دیں گے کیوں کہ وہ لالچی لوگوں کو بھی دور رکھنا چاہتے ہیں۔
کوہن نے اپنی آئیڈیل خاتون میں خاصیتوں کی ایک طویل فہرست بھی بنائی جس کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شریکِ حیات بہت موڈی نہ ہو بلکہ شعور کے بلند درجے پر ہو، اس کےعلاوہ وہ ذہین، کھلے ذہن کی اور ترجیحاً یہودی ہو۔ اگر شریکِ حیات جنوبی کیلیفورنیا میں نہ رہتی ہوں تو شادی کے بعد انہیں یہاں رہنا ہوگا اور وہ بیرونِ شہر لڑکی کے لیے ہوائی سفر اور رہائش کا انتظام بھی خود کریں گے، خاتون کا قد 5 فٹ اور 9 انچ ہونا چاہیے اور اس کی عمر 20 سے 30 سال ہونی چاہیے۔ کوہن نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا اور خواتین تلاش کرنے والی ایپ سمیت تمام آن لائن آپشن آزما چکے ہیں، وہ ہوٹلز اور ریستوران میں بھی خواتین کو تلاش کرچکے لیکن ان کی من پسند خاتون اب تک انہیں مل نہ سکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جو کوہن اپنی حقیقی شریکِ حیات کی تلاش میں کامیاب ہوسکیں گے یا نہیں لیکن ان کا اشتہار اب بہت مقبول ہوچکا ہے اور 3000 سے زائد افراد ان کا اشتہار دیکھ چکے ہیں۔