لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، صوبائی وزیر صنعت و اطلاعات میاں اسلم اقبال بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا نئے صنعتی زونز کے علاوہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈویلپ کیا جائے گا، نئی صنعتیں لگانے کے لئے فائل کسی جگہ نہیں رکے گی، صوبے میں صنعتوں کی زوننگ کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، صنعتوں کی زوننگ کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کمیٹی صنعتوں کی زوننگ کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کرے گی، صنعتکاری کا عمل تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری بڑھے گی، تحریک انصاف کی حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔، پاکستان میں کاروباری ماحول بہتر ہوا ہے، حکومت چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا معیشت کی ترقی صنعت اور کاروبار کے استحکام سے مشروط ہے، نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، چند سال میں صوبے بھر میں 15 لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بعد ہر طالبعلم کو انڈسٹریز میں آن لائن ٹریننگ کرائی جائے گی۔ پنجاب کابینہ میں ردو بدل، مشیر برائے وزیراعلیٰ عون چوہدری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ایک اور خبر کے مطابق عون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا ایڈوائزر تعینات کر دیا گیا۔اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کی منظوری دیدی گئی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ نے اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کی منظوری دی، اسد کھوکھر آج صوبائی وزیر کا حلف اٹھائیں گے۔