اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ جلسوں میں مریم نواز کی تصویروں پر دائرے بنا بنا کر جو گفتگو فرمائی گئی وہ ہمارے سینوں پر لکھی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان بلاول صاحبہ کہہ کر مسکرائے ۔ یہ زبان پھسلنا نہیں تھا ۔ جلسوں میں مریم نواز کی تصویروں پر دائرے بنا بنا کر جو گفتگو فرمائی گئی وہ ہمارے سینوں پر لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ساری باتیں ایسی ہیں جوعمران خان اس سے پہلے بھی کرچکے ہیں۔ تحریک انصاف میں جوعورت کو گالی دینے کا کلچر ہے، اس کوتبدیل کرنا پڑے گا۔عمران خان کا ایک ٹریک ریکارڈ ہے کہ بدتمیزی اور گالی کا جوکلچر ہے یہ عمران خان نے اپنی پارٹی کودیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل ترین وزیر اعظم کا رائٹ ہینڈ ہے وہ چونکہ اے ٹی ایم ہے اس لئے وہ سب ٹھیک ہے۔فواد چودھری سے اچھا زہر اگلنے والا شائد ہی کوئی ہو لیکن اس کے اوپر ایک خاتون کا لاکر بٹھا دینا تکلیف دہ بات ہے۔ دوسری جانب تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہاہے کہ اس وقت نمبر گیم کا خطرہ بھی ہے کیونکہ تحریک انصاف کوپنجاب اسمبلی میں معمولی اکثریت حاصل ہے ،نئے وزیر اعلیٰ کے چناﺅکے موقع پر مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر صورتحال کوتبدیل بھی کرسکتی ہے۔نجی ٹی وی کے نیوز پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے شہزاد اقبال نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پر ایک ایسا وزیر اعلیٰ لگا دیا گیا ہے کہ جب سے وہ کرسی پر بیٹھے ہیں تو ان کے ساتھ ایک وینٹی لیٹر بھی لگا دیا گیا۔تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سب کو کہا گیاہے کہ آپ نے عثمان بزدار کا دفاع کرناہے ۔