اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر تجزیہ کا ر ایاز امیر نے کہا ہے کہ لیکچر سن سن کر ہمارے کان پک چکے ہیں۔ عمران خان کے وزیر سی ٹی ڈی کادفاع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار ویسے ہی کمزور آدمی ہیں، پولیس کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت ہی نہیں ہے ان میں۔ نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ ساہیوال میں چنگیزیت کی انتہا ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کا کیس میں کراس پرچہ ہوا جو بنتا ہی نہیں ہے۔ اس سانحہ کی تمام ذمہ داری نہ صرف پنجاب حکومت پر آتی ہے بلکہ وفاق بھی اس کا ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمزور لوگ ہیں ، پولیس کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں ہے ، یہ تو پولیس کے معاونین سمجھے جاتے ہیں، یہ کچھ نہیں کرسکتے، نہ کچھ شہباز شریف کرسکتے تھے اور نہ کچھ عثمان بزدار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کو پکڑا نہیں جاتا لیکن آئی جی تبدیل کردیا جاتا ہے، لیکچر سن سن کر ہمارے کان پک گئے ہیں۔ ناصر خان درانی کو اصلاحات کیلئے لگایا گیا لیکن ان کو ایک ہفتے سے زیادہ برداشت نہیں کیا جاسکا ، عمران خان کے وزیر سی ٹی ڈی کادفاع کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو صرف باتیں سنائی جارہی ہیں لیکن یہ جو ٹیسٹ کیس ساہیوال کا آیاہے ،اس کے بارے میں کچھ نہیں کر پارہے ۔