اسلام آباد(ویب ڈیسک) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے عید پیکیج کے تحت ملک بھر کے اسٹوروں پر گھی، آئل، مصالحہ جات سمیت مختلف برانڈڈ اشیا کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا.ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں عید پیکیج پر ورکنگ جاری ہے، عید پیکیج کے تحت گھی، آئل، مصالحہ جات سمیت متعدد اشیا کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، عید پیکیج 5 اگست سے عید قربان کے اختتام تک جاری رہے گا، گھی آئل کی قیمت میں 5 سے 10 فیصد تک کمی کا امکان ہے، 400 گرام میکرونی پر 7 روپے تک کمی کا امکان ہے۔برانڈڈ مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائیگی، 50 گرام بریانی مصالحہ کی قیمت میں 2 سے 3 روپے کمی ، 50 گرام چپلی کباب مصالحہ کی قیمت میں 2 سے 3 روپے، 50 گرام گرم مصالحہ کی قیمت میں 4 روپے، 50 گرام پائے اور نہاری مصالحہ کی قیمت میں بھی 3 روپے، 50 گرام چاٹ مصالحہ کی قیمت میں1 سے 2 روپے کمی کا امکان ہے۔اسی طرح 200 گرام سرخ مرچوں کی قیمت میں5 روپے تک کمی کا امکان ، 50گرام زیرہ پاؤڈر کی قیمت میں 2 روپے تک کمی کا امکان ہے،1 کلو مکس اچار کی قیمت میں 10 روپے کمی کا امکان ہے جبکہ ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 5 روپے تک کمی کے علا وہ متعدد اشیا کی قیمتوں میں 5 سے 10 فیصد تک کمی کا امکان ہے۔واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر عید پیکیج 5 اگست سے عید قربان کے اختتام تک جاری رہے گا۔یاد رہے ملک میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کیلئے مارکیٹ پرائس کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیاگیا یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی اجلاس طلب کر کے اس میں کیا تھا مسئلے کا حل نکالنے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہواتھا۔کمیٹی کا ملک بھر میں سستا بازار، اتوار بازار اور فئیر پرائس شاپس کی تعداد بڑھانے اور مربوط مارکیٹ میکنزم متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ باسی ہو جانے والی اور خراب نہ ہونے والی 28 ضروری اشیائے خوراک کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیاتھا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ باسی ہو جانے والی اشیائے خوراک بالخصوص ٹماٹر، پیاز، چنا اور دالوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ موسمی تبدیلیاں ہیں جو اب ختم ہوچکی ہے۔ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تین سے چھ ماہ میں مضبوط طریقہ کار وضع کیا جائے گا جبکہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور کارٹلائزیشن کے سدباب کیلئے قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔یوٹیلیٹی اسٹورزنے یقین دہانی کرائی کہ صارفین کو مناسب رعایتی قیمت پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے پیکج پر مکمل عمل درآمد کیا جائیگا۔