راولپنڈی: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کو سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات سے روک دیا گیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجھے تیسری بارملاقات سے روکاگیاہے،سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو خطوط تک لکھے۔ ن لیگ کی رہنما نے الزام عائد کیا کہ جیل کے باہرکھڑے اہلکاروں نے مجھ سے بدتمیزی کی، ان کا کہنا تھا کہ جیل کے باہر بھی کھڑے ہونے نہیں دیا جارہا۔ ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز اور جاوید لطیف کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کا آج دن ہے،ن لیگ کی مرکزی قیادت ملاقات کیلئے جیل پہنچ چکی ہے جبکہ کچھ رہنماﺅں کو فہرست میں نام شامل نہ ہونے کی وجہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔