بارسلونا……..اگر آپ نے نئی حیرت انگیز ٹیکنالوجیفائیو جی کے استقبال کی تیاریاں شروع نہیں کی ہیں تو کمرکس لیجئے ۔۔اب انقلابی ٹیکنالوجی آپ تک بھی پہنچنے والی ہے ۔
اسپین میں ہونے والی موبائل کانگریس میں شریک ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فور جی فلم ڈائون لوڈ نگ میں 8 منٹ لیتی ہے تو فائیو جی سے یہی کام پانچ سیکنڈسے بھی کم وقت میں ہوگا۔
اتنا ہی نہیں بلکہ فائیو جی اب تک 10 گیگابائٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا ڈائون لوڈ کر چکی ہے اور رفتار کو مزید بڑھانے کیلئے تجربات جاری ہیں۔اسپین میں موجود جنگ کے نمائندے نے خبر دی ہے کہ صوبہ کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا میں جاری ورلڈ موبائل کانگریس میں فورجی اور فائیو جی ٹیکنالوجی کا باقاعدہ موازنہ کیا گیا ۔ موازنے سے ثابت ہوتا ہے کہ فائیو جی اگلے کچھ مہینوں بعد سے ہی حیرت انگیز کمالات دکھانا شروع کردے گی ۔ موبائل کانگریس ہر سال کی طرح اس بار بھی 1 لاکھ سے زائد شرکاء کے ساتھ اپنے جلوے بکھیر رہی ہے جبکہ فیس بک کے بانی مارک زوکربرگ کی شرکت مرکز نگاہ ہے۔امسال کانگریس میں جہاں تمام موبائل کمپنیوں کی جانب سے اپنے نئے موبائل فون پیش کیے گئے وہیں مارک زوکر برگ کی جانب سے ورچول ٹیکنالوجی کو عام صارفین تک پہنچانے اور اسے مستقبل میں آپسی رابطوں کا سب سے اہم اور موثر ذریعہ بھی قرار دیا گیا۔موبائل ورلڈ کانگریس 2016 میں یورپ بھر کی موبائل فون ٹیکنالوجی سے وابستہ اہم کمپنیوں کے درمیان 2020 میں یورپ بھر میں 5 جی ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے کا معاہدہ بھی تمام شرکاء کی توجہ کا مرکز بنا ۔فائیو جی کو یورپ بھر کے بغیر ڈرائیور گاڑیوں، ٹرانسپورٹ، صحت، توانائی اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ جیسی صنعتوں کے شعبوں میں ایک انقلاب برپا کرنے کیلئے اہم کردار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔فورجی اور فائیوجی کے درمیان پیش کیے جانے والے تقابلی جائزہ کے مطابق فورجی ٹیکنالوجی کی رفتار لیبارٹری میں 200 میگا فی سیکنڈ ، گلیوں میں 40 میگا فی سیکنڈریکارڈ کی گئی جبکہ فائیو جی اب تک 10 گیگابائٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا ڈائون لوڈ کر چکی ہے اور رفتار کو مزید بڑھانے کیلئے تجربات جاری ہیں۔آسان الفاظ میںیہ کہنا ٹھیک ہو گاکہ جو فلم 4 جی 8 منٹ میں ڈائون لوڈ ہوتی ہے اسی فلم کو 5 جی پانچ سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ڈائون لوڈ کیا جاسکے گا۔موبائل ورلڈ کانگریس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئر مین سید اسماعیل شاہ ،آئی ٹی سیکرٹری عظمت رانجھا نے پاکستان کی نمائندگی کی جنگ سے بات کرتے ہوئے چیئر مین پی ٹی اے اسماعیل شاہ نے کہا کہ ہم نے اس کانگریس میں دنیا بھر کے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ، انہیں پاکستان کے بائیو میٹرک سسٹم میں بڑی دلچسپی ہے اور اسی لئے ہمیں مصر کی طرف سے اس سسٹم کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اشارہ ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھری جی اور فور جی سسٹم کام کررہا ہے ہم یہاں یہ بھی دیکھنے آئے تھے کہ یہاں کی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں کس طرح لے جایا جا سکتا ہے