کراچی(نیوز ڈیسک ) کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے ہاتھوں دِن رات کے ستائے ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی کی کئی کئی گھنٹوں کی بندش بھی معمول بن چکی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ دِنوں بارشوں کے دوران کئی افراد کی ہلاکتوں پر بھی عوام کے الیکٹرک کے خلاف غم و غصےکےجذبات سے بھرپور نظر آئے۔ تاہم اب عوام کے منتخب نمائندے بھی کے الیکٹرک سے تنگ آ چکے ہیں۔گزشتہ روز کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر رُکن قومی اسمبلی عطاء اللہ ایڈووکیٹ بھی کے الیکٹرک سے اس قدر نالاں نظر آئے کہ انہوں نے خودسوزی کی کوشش کی، تاہم انہیں ان کے ساتھیوں نے ایسا کرنے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ملک شہزاد اعوان،ڈاکٹر سعید آفریدی،خرم شیر زمان،ڈاکٹر سنجے ،شہزاد قریشی اور ایم این اے آفتاب صدیقی کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے ملاقات کے لیے پہنچے تو اُس وقت صورت حال پریشان کُن ہوگئی ، جب رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ خان ایڈووکیٹ نے کے الیکٹرک کے آفس کے باہر خود سوزی کی کوشش کی ،تاہم اس موقع پر اُن کے ساتھیوں نے انہیں یہ انتہائی اقدام اُٹھانے سے روک دیا۔حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی عطاء اللہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی سے ہم تنگ آچکے ہیں۔جبکہ پارلیمنٹیرین ڈاکٹر سعید آفریدی نے کہا کہ ہم عوام کو مزید مشکلات میں نہیں دیکھ سکتے۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔