لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔ نجی ٹی وی نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 24 سے 31 دسمبر تک چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر کے تمام اسکولز اور کالجز 24 تا 31 دسمبر بند رہیں گے جس کے بعد یکم جنوری 2019ء کو تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔ اس سے قبل ملک بھر میں سردی نے اپنے پنجے گاڑھ لئے ہیں اور بلوچستان میں سرد علاقوں کے تعلیمی اداروں میں آج سے اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 17 اضلاع کے سکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی اڑھائی ماہ کی تعطیلات کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ صوبے کے سرد علاقوں کے سکول اور کالج اب آئندہ سال یکم مارچ کو کھلیں گے جبکہ بلوچستان کے 15 اضلاع کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 2 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہونگی۔ان گرم علاقوں میں تعلیمی ادارے یکم جنوری کو دوبارہ کھل جائیں گے ۔پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصو ں میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے۔