وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے برہان وانی کو شہید کشمیر قرار دینے پر بھارتی حکومت بوکھلا گئی، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان پر دہشتگردوں کی امداد کا پرانا الزام دہرانا شروع کر دیا، حالات کو قابو سے باہر ہوتا دیکھ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ بھی حریت قیادت کیساتھ مذاکرات کیلئے سری نگر پہنچ گئے۔
نئی دہلی: (یس اُردو) وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کشمیریوں کی واضح حمایت پر بھارتی حکومت کے اوسان خطا ہو گئے۔ برہان وانی کو شہید قرار دینے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کیخلاف بے بنیاد الزامات عائد کرکے دل کی بھڑاس نکالنا شر وع کر دی۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران سشما سوراج نے پرانا ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیدیا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہہ ڈالا کہ پاکستان کا بھارت سے مقبوضہ وادی حاصل کرنے کا منصوبہ کبھی پورا نہیں ہو گا۔ ادھر مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی بربریت جاری ہے۔ 15 روز سے نافذ کر فیو کے باعث وادی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکی ہے۔ حالات قابو سے باہر ہوتے دیکھ کر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے۔ حریت قیادت اور کشمیر کے تاجر اتحاد نے راج ناتھ سنگھ کیساتھ ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔ حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کیساتھ اس سے پہلے بھی متعدد مرتبہ ملاقاتیں ہوئیں جو بے نتیجہ رہیں، کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت کی سنجیدگی سامنے نہ آنے تک کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔