پٹنہ (پریس ریلیز) ویر کنور سنگھ کی یاد میں آج ایس سی ای آر ٹی ، پٹنہ میں ایک یادگار جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت ڈائرکٹر ایس سی ای آر ٹی مرلی منوہر سنگھ اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے پدم شری (کیپٹن)شرف عالم شامل ہوئے۔
سب سے پہلے آزادی کے اہم ترین مجاہد بابو کنور سنگھ کی تصویر پر گل پوشی کی گئی۔ اس کے بعد ویر کنور سنگھ پر ایس سی ای آر ٹی کے ذریعہ بنائی گئی دستاویزی فلم ”ویر کنور سنگھ” دکھائی گئی۔ ڈائرکٹر ایس سی ای آر ٹی ڈاکٹر مرلی منوہر سنگھ نے کہا کہ مجاہد آزادی ویر کنور سنگھ اس لیے ہمارے عظیم ترین مجاہد ہیں کہ انھوں نے عمر کی اس سرحد پر آ کر جنگ آزادی لڑی جبکہ عموماً اس عمر میں آدمی تھک جاتا ہے۔ وہ ہمارے لیے ایک محرک کی حیثیت سے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گے۔
انھوں نے دستاویری فلم کے ہدایت کار ڈاکٹر قاسم خورشید کو اس فلم کے لیے مبارکباد پیش کی اور فلم کو بہار اور ملک کے گوشے گوشے میں پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ پدم شری شرف عالم نے امید ظاہر کیکہ ڈاکٹر مرلی منوہر سنگھ کی رہنمائی میں یہ ادارہ نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم ویر کنور سنگھ کو اس لیے بھی یاد کر رہے ہیں کہ ویر کنور سنگھ ہندوستان کے ایسے مجاہد آزادی ہیں جن کو بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ اہمیت دی جاتی رہے گی۔
ہمیں ایسے مجاہدین کو ضرور یاد کرنا چاہئے۔انھوں نے قاسم خورشید کی ہدایت میں بنی فلم کی بھی بے حد ستائش کی اور کہا کہ اس فلم کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اہمیت دی جانی چاہئے۔ ڈاکٹر عبد المبین، قاسم خورشید، رنجن سنہا، امتیاز عالم، ڈاکٹر سدھیر کمار، گنیش پرساد، انجینئر شہباز عالم کے ساتھ کئی معزز شخصیات پروگرام میں شامل تھیں۔