لاہور (ویب ڈیسک) ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف کو بھی طبیعت خراب ہونے پر علاج کے لیے سروسز ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے بعد وہ ’بیہوش ہونے والی تھیں۔‘ ان کے مطابق مریم نواز نےبی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ۔۔۔۔۔۔ ’بلڈ پریشر میں کمی‘ اور ’سر چکرانے‘ کی شکایت کی تھی۔ یاد رہے کہ بدھ کو مریم نواز شریف کو اپنے والد سے ملنے کے لیے سروسز ہسپتال جانے کی اجازت دی گئی تھی اور جیل سے ہسپتال پہنچنے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ انھیں ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز شریف کی طبیعت ایک ہفتے سے ناساز تھی اور انھوں نے ’انفیکشن‘ کی شکایت کی تھی اور اب ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز ان کا علاج کر رہے تھے۔ اس سے قبل بدھ کو ہی احتساب عدالت میں پیشی کے موقعے پر مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ جیل واپسی پر انھیں ہسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاہم عدالت نے مریم نواز کی اس درخواست کو مسترد کر دیا۔ مریم نواز کے بقول انھیں ہسپتال میں والد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقعے پر مریم نواز سے ان کے بیٹے جنید صفدر نے بھی ملاقات کی تھی۔ مریم نواز نے اُن سے اپنے والد نواز اور شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی خیریت معلوم کی۔ والد کی صحت کے تذکرے پر مریم نواز غمگین نظر آئیں۔نواز شریف کی صحت خراب ہونے پر پیر کی رات انھیں نیب تحویل میں لاہور کے سرکاری ہسپتال سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔(بشکریہ : بی بی سی )