اسلام آباد(یس اردو نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی انتقال کرگئے۔ شارجہ کی حکومت نے نائب سربراہ کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ احمد القاسمی کا جنازہ شارجہ پہنچنے اور تدفین کے بعد سوگ کا آغاز کیا جائے گا۔۔عرب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شارجہ کی حکومت نے انکی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی کا انتقال ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شیخ احمد بن سلطان کے انتقال پر شارجہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا خدشے کے پیش نظر ٹیلی فون پر تعزیتی پیغام وصول کیے جائیں گے، اس بابت تعزیت کا آغاز کب سے ہوگا اس کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ شارجہ کے نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی شارجہ کے سابق سربراہ سلطان الثانی بن صقر القاسمی کے بیٹے اور شیخ صقربن سلطان القاسمی کے سگے بھائی تھے-