ویانا (محمد اکرم باجوہ) منہاج القرآن آسٹریا کے سرپرست ، پاکستان عوامی تحریک آسٹریا کے صدر اور ویانا کے معروف دینی و سماجی رہنما الحاج خواجہ محمد نسیم کو آسٹریا میں پاکستانی کمیونٹی کی یادگار خدمات کے اعتراف میں آل مسلم کمیونٹی آسٹریا کی طرف سے لائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ خواجہ محمد نسیم کو گذشتہ ہفتہ ویانا کے وسیع و عریض ہال میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی تقریب میں مسلم کمیونٹی آسٹریا (اسلامک گلاوبن گیمائن شافٹ) کے صدر ڈاکٹر فواد سیناج نے دیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سیناج نے بتایا کہ خواجہ محمد نسیم کی زیرپرستی منہاج القرآن سنٹر میں مذہبی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے لیے فلاحی پراجیکٹ مثلا فری جرمن کورس، آسٹریا اعلیٰ حکام سے سماجی رابطہ اور مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل جیسے شامی پناہ گزینوں کی مدد وغیرہ میں مثالی خدمات دی جاتی ہیں۔
الحاج خواجہ محمد نسیم نے مسلم کمیونٹی کے صدر ڈاکٹرسیناج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف میرا نہیں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی اور بالخصوص منہاج القرآن آسٹریا کے ہر ہر کارکن کے لیے اعزاز ہے۔ یہ ایوارڈ ملنے پر منہاج القرآن آسٹریا کے اعلیٰ عہدیداران و کارکنان کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے معززین نے الحاج خواجہ محمد نسیم کو مبارک باد پیش کی۔