سرائے عالمگیر(نمائندہ خصوصی) تحصیل سرائے عالمگیر کے متعدد دیہات سوئی گیس کی سہولت سے محروم،یونین کونسل،کھمبی اور سمبلی کے بیشتر دیہات ، اور یوسی پوران کے تمام مکین ہنوز سوئی گیس سے محروم ،ارباب اختیار فوری نوٹس لے کر ہزاروں گھرانوں کی محرومی دور کریں ۔تفصیلات کے مطابق چند سال قبل تحصیل سرائے عالمگیر نہر اپر جہلم روڈ پر واقع دیہات کو سوئی گیس کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ بعض دیہات کو گزشتہ 7سال کے دوران سوئی گیس کی سہولت فراہم کر دی گئی لیکن گزشتہ 3سال سے گیس کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے ،جس سے ابھی تک چک نتھہ ،مڑل، سمبلی،کستیلہ ،بھروٹ ،بھوانج،سر ڈھوک وغیرہ شامل ہیں ابھی تک گیس سے محروم ہیں جبکہ یونین کونسل پوران کے تمام تر دیہات جن میں پوران ، فتح پور ،ڈھوک امرال ،ورینہ ،چنگس اورڈھوری شامل ہیں اور ان کی آبادی 14ہزار کے قریب ہے ہنوز توانائی کی بنیادی ضرورت سوئی گیس سے محروم ہیں،حالانکہ گزشتہ دور حکومت میں گیس فراہمی منصوبے کت آغاز پر باقی ماندہ دیہات کو بھی سوئی گیس کی فراہمی کی نویدسنائی گئی تھی لیکن قومی انتخابات کے بعد یہ سلسلہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے جس کے باعث سوئی گیس سے محروم مذکورہ مکینوں میں شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے اور بسا اوقات اپنے حق کے حصول کے لئے مختلف متعلقہ فورمز پر مطالبات کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوسکی۔علاقہ مکینوں نے اس ناانصافی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر توانائی ،پانی ، بجلی اور گیس سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اہل علاقہ یوسی ،کھمبی ،سمبلی اور پوران کو فوری طور پر سوئی گیس فراہم کی جائے