اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر کو این اے 120 کے ضمنی الیکشن تک حلقے میں سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سےروک دیا۔
وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں اپنا تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔ صوبائی وزیرکو این اے 120 کے ضمنی الیکشن تک حلقے میں سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سےروک دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے مانیٹرنگ کمیٹی کی جانب سے بلال یاسین کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت پر سماعت کی، وزیرخواک پنجاب بلال یاسین آج بھی کمیشن میں پیش نہ ہوئے، تا ہم انکے وکیل نے تحریری جواب جمع کرایا اور موقف اختیار کیا کہ ضابطہ اخلاق کہتا ہے کہ رکن اسمبلی متعلقہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا، بلال یاسین این اے 120 کے رہائشی ہیں، صوبائی وزیر ہونے کے ناطے لوگ ان کے گھر جاتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گھر جانے سے کسی نے نہیں روکا مگر سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لینا چاہئے۔ بلال یاسین کے خلاف موہنی روڈ پر ریلی میں شرکت کی شکایت موصول ہوئی، انہوں نے کہا کہ بلال یاسین این اے 120 کے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم میں شرکت نہیں کرسکتے، مقدمے کی مزید سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔