کراچی: سی ویو پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کرنے والے امیر زادوں کو تھانے میں وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے اور اے سی کمرہ میں رکھا گیا ہے۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے سی ویو پر معمولی حادثے کے بعد کار سوار نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزمان کو پولیس کی جانب سے ساحل تھانے میں وی آئی پی پروٹوکول فراہم کیا جارہا ہے اور اے سی کمرے میں رکھا گیا ہے۔ مرکزی ملزم خاور کا والد اشتیاق برنی شہر کا سب سے بڑا کار ڈینٹرپینٹر اور اثرو رسوخ کا حامل ہے۔ ساحل تھانے میں ملزمان کے لئے خصوصی کھانوں اور ناشتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے اور مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ نہ لگا کر کیس کو معمولی بنادیا گیا ہے۔مقتول کے اہلِ خانہ کی اپیل کے باوجود پولیس نے مقدمے میں صرف قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات شامل کی ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ کراچی پولیس دباؤ کا شکار ہے یا پیسے کی چمک کے آگے ڈھیر ہوگئی ہے۔ مقتول کے لواحقین کے وکیل ایڈوکیٹ جاوید چھتاری نے کہا کہ دہشتگردی کی دفعہ نہ لگا کر ملزم کو رعایت دی گئی، کوئی جرم جو عوام کے سامنے کیا جائے اور خوف پھیلے، وہ دہشت کی علامت ہے، اس واقعے سے بھی دہشتگردی اور خوف پھیلا ہے۔