اپنی گاڑی، نہ اپنا پروٹوکول، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ویگن پر بیٹھے اور جا پہنچے قصور، چینی کے پیکٹ مفت تقسیم کئے اور رمضان بازاروں میں قیمتوں اور اشیاء کے معیار کا جائزہ لیا۔
قصور: (یس اُردو) خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی گاڑی اور پروٹوکول کے بغیر رمضان بازار چیک کرنے کیلئے ویگن میں سوار ہو کر قصور جا پہنچے۔ ریلوے اسٹیشن قصور پر لگے رمضان بازار کا جائزہ لیا۔ بیسن اور دالیں آدھ کلو کی پیکنگ میں ہر صورت فراہم کرنے کی ہدایت کی، بچوں کو پیار کیا اور چینی کے دو دو کلو کے پیکٹ تحفے میں بانٹ دیئے۔وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال قصور کا بھی دورہ کیا۔ مختلف وارڈز کا جائزہ لیا، مریضوں سے طبی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کرتے رہے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہسپتال کے جنرل وارڈز میں ایئر کنڈیشنرز کے بند ہونے پر سخت اظہار برہمی کیا۔ واش رومز کی صفائی نہ ہونے پر متعلقلہ حکام کی سرزنش بھی کی۔محمد شہباز شریف نے واپسی پر ہیلی کاپٹر کھیتوں میں اتارا اور اینٹوں کے بھٹے پر پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیم حاصل کرنے والے بچے کو ایک ہزار روپے ماہانہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چائلڈ لیبر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔