ہر سال دنیا بھر میں ہزاروں افراد نزلہ زکام کا شکار بنتے ہیں جبکہ پھر متعدد اقسام کی دواؤں، ہربل علاج سمیت اس وائرل سے چھٹکارہ پانے کے سیکڑوں جتن کرتے ہیں۔
لیکن سائنسدانوں کی نئی تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس کی مدد سے نزلہ زکام کو باآسانی شکست دی جاسکتی ہے۔نئی تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کا استعمال نظامِ تنفس کی بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔خیال رہے کہ ہڈیوں اور پٹھوں کی چستی کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو بڑھانے میں وٹامن ڈی کا استعمال طویل عرصے سے عام ہے، تاہم طب کے میدان میں نزلہ زکام جیسے وائرل مرض سے نمٹنے کے لیے وٹامن ڈی کو کبھی اس قدر اہمیت نہیں دی گئی تھی۔
حالیہ دنوں میں برٹش میڈیکل جرنل میں شامل اس نئی تحقیق نے وٹامن ڈی کی افادیت کو مزید واضح کردیا ہے۔’سن شائن’ کہلانے والے اس وٹامن سے متعلق ماہرین لکھتے ہیں کہ زیادہ تر افراد سرد اور خشک موسم میں کھانسی، نزلہ اور زکام سے متاثر ہوتے ہیں، جس کی اہم وجہ اس موسم میں جسم میں وٹامن ڈی کے لیول میں ہونے والی کمی ہے۔تحقیق کے دوران 25 کلینیکل ٹرائلز سے گزرنے والے 11 ہزار افراد کے جسم میں جب وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کیا گیا تو ان میں نزلہ زکام سے متاثر ہونے کا خدشہ 12 فیصد تک کم ہوگیا۔اس نئی تحقیق کے سامنے آنے بعد ماہرین پرامید ہیں کہ ہر سال دنیا کی 70 فیصد آبادی کو متاثر کرنے والے نزلہ زکام کی شرح میں واضح کمی لائی جاسکے گی۔