لاہور (یس ڈیسک) ہائی کورٹ نے این اے122 کے انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے فیصلے کے خلاف سردار ایاز صادق کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹریبونل نےعمران خان کی درخواست پر ابتدائی اعتراضات پر فیصلہ کرنے سے پہلے ہی انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا فیصلہ سنا دیا، ایسا کرکے الیکشن ٹریبونل نے لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی توہین کی ہے۔
اس کے علاوہ فیصلے سے قبل ایاز صادق کا موقف بھی نہیں سنا گیا۔ اس لئے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت عالیہ نے موقف سننے کے بعد سردار ایاز صادق کی درخواست کو مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ این اے 122 پر سردار ایاز صادق نے عمران خان کو شکست دی تھی تاہم عمران خان کی درخواست پر الیکشن ٹریبونل نے اس حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ان کی تصدیق کا حکم دیا ہے۔