لاہور (یس ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کی گنتی رکوانے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن ٹریبونل نے صرف عمران خان کی شہادت پر یکطرفہ حکم جاری کیا۔
اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ الیکشن ٹریبونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم عوامی نمائندگی کے قانون کی دفعہ 55 کیخلاف ہے۔ الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک کیخلاف توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کاظم ملک نے عدالتی احکامات کے خلاف ووٹوں کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے لہذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ میں سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کل صبح 9 بجے درخواست کی سماعت کرینگے۔ واضع رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر لاہور کے حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔