پاک بھارت سیریز کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک کی کوششیں بھی بار آور ثابت نہیں ہو سکی ہیں ، کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے جائلز کلارک پر بھی یہ بات واضح کردی ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے وہ بھارتی حکومت کے جواب کا منتظر ہے ۔
لاہور (نیٹ نیوز) برطانوی خبر رساں ادارے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جائلز کلارک نے پیر کے روز انھیں پاک بھارت سیریز سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے خود رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے انھیں بھی وہی جواب دے دیا کہ اسے بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے ۔
شہریارخان نے کہا کہ اب وہ اس سیریز کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کریں گے ۔ جو بھی کہنا ہے وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مجوزہ سیریز کے لیے کئی بار بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر چکا ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ اسے حتمی جواب دینے سے گریز کر رہا ہے ۔