لاہور: وقار یونس نے وسیم اکرم کی سالگرہ میں احترام رمضان المبارک کو مدنظر نہ رکھنے پر شائقین سے معذرت کرلی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وقار یونس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ” گزشتہ روز وسیم بھائی کی سالگرہ پر کیک کاٹنے پر معذرت چاہتا ہوں، ہمیں رمضان المبارک اور روزہ داروں کا خیال رکھنا چاہیے تھا، یہ میری جانب سے ایک نامناسب حرکت تھی۔“واضح رہے کہ 3 جون کو وسیم اکرم کی 52 ویں سالگرہ تھی، لیڈز ٹیسٹ کے دوران وسیم اکرم کی سالگرہ پر پریس باکس میں کیک منگوایا گیا تھا، وقار یونس، رمیز راجہ اور صحافیوں نے بھی اس میں شرکت کی تھی، شائقین کی جانب سے رمضان المبارک کا احترام بالائے طاق رکھتے ہوئے روزہ داروں کے سامنے کیک کاٹنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔