اسلام آباد( مانیٹرنگ رپورٹ) ریاستوں اور سرحدی علاقوںکے وزیر شہریار خان آفریدی نے کوروناوائرس کی وجہ سے پاکستان میں رہائش پذیر افغان پناہ گزینوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مدد طلب کی ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کے روز اسلام آباد میں افغان پناہ گزین کیمپ میں واک تھرو سینیٹیشن گیٹ کی تنصیب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کوروناوائرس کے تناظر میں طویل لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باعث افغان پناہ گزین کیمپوں میں انسانی بحران پیدا ہونے سے خبردار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان میری درخواست پر ملک کو درپیش مالی مسائل کے باوجود افغان پناہ گزینوں کے لئے خصوصی امدادی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں۔