برسبن: پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ سیریز کا اچھے انداز میں آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
گابا میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا طے شدہ وقت بہت قریب ہے، ٹیم آٹھویں پوزیشن پرموجود ہے اوررواں سال ستمبر تک ٹاپ 8 میں شامل رہنا ہمارا ہدف ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے لیکن یہ ہمارے لئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اچھا موقع بھی ہے، کارکردگی دکھا کر ہم اپنی رینکنگ میں بہتری لا سکتے ہیں، کینگروز کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے سے ٹیم کا مورال بلند ہوگا اوراعتماد میں اضافہ ہو گا۔اظہرعلی نے مزید کہا کہ ٹیسٹ سیریزمیں شکست کو پس پشت ڈالتے ہوئے نئے فارمیٹ کا اچھے انداز میں آغاز کرنا چاہتے ہیں، نئے پلیئرز کی شمولیت سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے، پاکستان ٹیم نے آخری ون ڈے میچز میں اچھی پرفارمنس دکھائی ہے جسے کینگروز کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ پہلے میچ میں نائب کپتان سرفراز احمد کی کمی محسوس ہو گی، دیگر میچز میں بھی انکی شمولیت یقینی نہیں ہے۔