عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ ملک میں جاری اداروں کی جنگ نوازشریف اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے۔لانڈھی مظفر آباد کالونی میں جلسے سے خطاب میں شاہی سید نے کہا کہ مضبوط ادارے مضبوط پاکستان بنائیں گے، 12 مئی کو عدلیہ کی آزادی کے لئے پختونوں نے قربانی دی ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ کراچی آپریشن اے این پی کے مطالبے پر شروع ہوا اور3 سال میں ان کی جماعت کا کوئی کارکن بھتہ خوری یا دہشت گردی میں گرفتار نہیں ہوا۔شاہی سید نے یہ بھی کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں پختونوں نے اہم کردار ادا کیا اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پختون یہاں سے چلے جائیں تو اس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔اے این پی کے صوبائی صدر نے مطالبہ کیا کہ نادرا اہلکار قومی شناختی کارڈ کے حصول میں پختونوں کو بلاجواز تنگ کرنا بند کریں۔جلسہ میں مختلف جماعتوں کے کونسلرز اور دیگر شخصیات نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا