اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو زور دار جواب دیتے ہوئے دشمن کے دو جنگی طیاروں کو زمین بوس کر دیا ہے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا ہے تاہم اس کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود تمام ایئر لائنز کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند کردی ہیں اور اس حوالے سے ملک میں آنے والی تمام پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ روانہ ہونے والی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام انٹر نیشنل ایئر لائنز سمیت پی آئی اے کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور ملک بھر میں فضائی ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاک فوج نے پیغام جاری کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی کارروائی کی تصدیق کردی ہے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری طرف وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک بھر میں ریلوے ایمرجنسی بھی نافذ کر دی ہے ہے، واضح رہے کہ آج پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے.
ڈی جی آئی ایس پی آر بریفنگ میں بتایا کیا کہ فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی در اندازی کو ناکام بنا دیا اور 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا‘انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا.انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کی جارحیت کا جواب دینے کے علاوہ چارہ نہیں تھا ‘ہمارا ایکشن ذاتی دفاع میں تھا ہم نے ہرطرح کی فوجی صلاحیت رکھنے کے باوجود ہم نے ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا ہے. انہوں نے کہا بھارتی جارحیت کے بعد سوال تھا کہ ہم بھارت کے انداز میں جواب دیتے یا ایک ذمہ ملک کی طرح اس کا جواب دیا جاتا ہم نے دوسرا آپشن احتیار کیا.انہوں نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج صبح 6ٹارگٹ انگیج کیئے تھے مگر ایک ذمہ دار پروفیشنل فوج کی طرح ہم کسی انسانی زندگی کا نقصان نہیں چاہتے تھے اپنی حدود میں رہتے ہوئے ہمارے پائلٹس نے کھلی جگہ پر اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنایا. انہوں نے کہا کہ ہم نے ذمہ داری کا ثبوت دیا اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر کیئے ‘ہم خطے کے امن کی قیمت پر ‘خطے کو کسی بھی صورت جنگ کی طرف نہیں لے جانا چاہتے .انہوں نے کہا کہ دو جہازوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ملبہ ایک کا ہماری طرف جبکہ دوسرا ایل او سی کے دوسری جانب کیا دوپائلٹ کو حراست میں لیا ایک زخمی حالت میں تھا جسے سی ایم ایچ میں داخل کروایا گیا ہے دونوں پائلٹس کو مکمل عزت اور احترام دیا جارہا ہے. انہوں نے کہا کہ ہم نے آپریشن میں ایف 16استعمال نہیں کیا تو بھارتی میڈیا نے پاکستانی ایف سولہ گرا کیسے گرالیا ‘انہوں نے کہا کہ جنگ شروع کرنا آسان ہے ختم کہاں ہوتی ہے کسی کو نہیں پتہ ہم امن چاہتے ہیں دونوں ملکوں کے عوام اور خطے میں امن کی خاطر مل بیٹھ کر مسائل پر بات چیت کرنے کو تیار ہیں بھارت ٹھنڈے دل سے غور کرئے کہ وہ کیا چاہتا ہے.انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھی نوٹس لے کہ پاکستان ذمہ دار ملک ہے اور ہم مذکرات چاہتے ہیں جنگ میں انسانیت ہارتی ہے ہم نے دفاع کیا ہے آج ‘ہم امن کی طرف جانا چاہتے ہیں سب اہلیت رکھنے کے باوجود ہم امن پر یقین رکھتے ہیں. بریفنگ کے آخر پر گرفتار بھارتی پائلٹ کی ویڈیو دکھائی گئی بھارتیفضائیہ کی وردی میں ملبوس پائلٹ نے اپنی شناخت بتائی اور بتایا کہ ان کام نام ونگ کمانڈر اوی بنندن ہے اور سروس نمبر 27981 ہے انہوں نے ویڈیو پغام میں بتایا کہ وہ پاکستانی فوج کے زیرحراست ہیں اور فلائنگ پائلٹ ہیں.دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹوئٹ میں پاک فضائیہ کی کارروائی کی تصدیق کی اور بتایا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر لائن آف کنٹرول پر کارروائی کی .انہوں نے لکھا کہ اس کارروائی کا واحد مقصد اپنے حق کا دفاع تھا اور ہم اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں‘ڈاکٹر فیصل نے لکھا کہ ہم کشیدگی نہیں چاہتے لیکن اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو ہم مکمل طور پر تیار ہیں. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو میلی آنکھ سے دیکھے گا پاکستان اسے جواب دینے کا حق رکھتا ہے، کل بھی کہا تھا کہ پاکستان جواب ضرور دے گا.نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا میں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے پورے خطے کے امن کو داﺅ پر لگائے ہوئے ہے، یہ لوگ معصوم لوگوں کی جان لینے پر تلے ہوئے ہیں. وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت سن لو یہ نیا پاکستان ہے، یہ نیا ولولہ نیا جذبہ ہے، آجپاکستان کی پارلیمان پاک افواج کے ساتھ متفق ہے، ہر شہر، گاﺅں اور بچہ بچہ پاک افواج اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، بھارت ہوش کے ناخن لے اور امن کے راستے کو اپنائے، آج بھی ہماری ترجیح امن کی ہے.انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر امن اور تعاون کی بات کرتا ہوں، بھارت کو اپنے فیصلے اور جارحیت پر نظرثانی کرنی چاہیے اگر بھارت نے ایسا نہیں کیا تو اس نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستانی قوم میں وہ جذبہ ہے جو 1965 میں دیکھا گیا تھا. ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو، چینی وزیر خارجہ، ترک وزیر خارجہ اور دیگر ممالک کے وزرا سے بات چیت میں بھارتی جارحیت کا معاملہ اٹھایا.انہوں نے کہا کہ آج نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس ہونے جارہا ہے، جس میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت شریک ہوگی اور آگے کا لائحہ عمل اس کے بعد مرتب کیا جائے گا جبکہ پارلیمانی اراکین کو بھی ان کیمرا بریفنگ دی جائے گی. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد ملک کی قیادت سے یہ توقع لگائے ہوئے ہے کہ وہ سیاست کو دفن کرکے پاکستان کے پرچم تلے جمع ہوجائیں اور ایک نعرہ بلند کریں’نعرہ تکبیر اللہ اکبر.دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کے جواب سے بھارتی عوام میں خوف طاری ہوگیا ہے. بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی طیارے مقبوضہ جموں کشمیر کے نوشہرہ سیکٹرمیں داخل ہوئے‘اس سے قبل یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت کا لڑاکا طیارہ مگ21 مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں تباہ ہوا ہے جس کے باعث دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے. بھارتی میڈیا نے پاکستانی طیاروں پرفضائی حدود کی خلاف ورزی کا بھی الزام لگایا ہے .پاکستان کی جوابی کاروائی کے بعد بھارت بھر میں خوف طاری ہوگیا ہے جس کے بعد بھارت نے 4 ایئر پورٹ بند کردیئے ہیں. سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی بھارت کے کم از کم 4 ایئر پورٹس بند کردیے گئے ہیں. پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کا جواب دینے کے بعد بھارتی عوام میں خوف طاری ہوگیا ہے جس کے بعد یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شمالی بھارت کے کم از کم 4 ایئر پورٹس بھی بندکردیے گئے ہیں.