ننکانہ صاحب(عبدالغفار)واربرٹن میں سیورج کے پائپ ٹوٹنے سے شہر کے مختلف علاقوں میں کھڑا گندا پانی بدبو پھیلا رہا ہے ،تعفن کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے ،چیف آفیسر بلدیہ واربرٹن کا اظہار بے بسی ،ٹی ایم اے کا عملہ کو دفتر سے نکلنے کی فرصت نہیں ،عوامی نمائندے صورت حال سے لاعلم معززین علاقہ کا اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق عرصہ ایک سال سے واربرٹن کے مختلف گلی کوچے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں شہر بھر کے مختلف گلی محلے جن میں گلی چودھری محمد عالم والی گلی ماسٹر بشیر والی ،تھانہ بازار ،گورنمنٹ ڈگری کالج گرلز روڈ ،مدینہ مسجد ،مسجد ریاض الاسلام وغیرہ شامل ہیں ،معززین علاقہ کے ایک وفدجس کی قیادت رانا بابر کر رہے تھے انہوں صحافیوں کو بتایا کہ عرصہ دراز سے شہر کی مختلف گلیوں اور بازاروں میں گندا پانی کھڑا ہے جو بدبو پھیلانے کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کا بھی باعث بن رہا ہے ،کسی سیاسی لیڈر کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ مسائل کے حل کیلئے کوئی کوشش کریں ،بار ہا بلدیہ آفیسر واربرٹن کے نوٹس میں لایا گیا مگر انہوں نے یہ کہہ کر جان چھڑالی کہ ان کے بس کی بات نہیں دوسری طرف ٹی ایم اے عملہ کو اپنے دفتر سے نکلنے کی فرصت نہیں شہر بھر کی اس صورت حال کا بار بار ایم پی کاشف پڈھیار اور ایم این اے چودھری بلال ورک سے بھی کہا گیا مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی،شہر بھر کے طلباو طالبات اور نمازی حضرات کو سخت مشکلات کا سامنا ہے معززین علاقہ نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈی سی او ننکانہ کو حکم صادر فرمائیں کہ خصوصی گرانٹ جاری کر کے شہریوں کی اس غلاظت سے جان چھڑائی جائے