عدالت نے ایوی ایشن حکام کو حکم دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے ہوائی جہاز فضا سے لینڈنگ کے دوران یا ایئرپورٹ کے قریب کسی بھی رہائشی جگہ پر انسانی فضلہ نیچے نہ پھینکیں۔
دہلی بھارتی عدالت نے ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فضا سے انسانی فضلہ خارج کرنے پر ایئرلائنز کو 50,000 روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہوائی جہاز سے انسانی فضلے کو نیچے گرایا جاتا ہے جو کہ دہلی ایئرپورٹ کے قریب رہائشی عمارتوں پر گرتا ہے۔
ہوائی جہاز کے بیت الخلاء میں انسانی فضلہ جمع کرنے کے لیے خاص ٹینک لگایا جاتا ہے جو کہ عام طور پر جہاز کے لینڈ ہونے پر ضائع کیا جاتا ہے لیکن انٹرنیشنل ایوی ایشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ انسانی فضلہ فضا سے نیچے گرائے جانے کا امکان موجود ہے۔
عدالت نے ایوی ایشن حکام کو حکم دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے ہوائی جہاز فضا سے لینڈنگ کے دوران یا ایئرپورٹ کے قریب کسی بھی رہائشی جگہ پر انسانی فضلہ نیچے نہ پھینکیں۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیشنل گرین ٹریبیونل (ماحولیاتی عدالت) نے بھی ریگولیٹرز کو تاکید کی ہے کہ ہوائی جہاز کے لینڈ کرنے کے بعد معائنہ کیا جائے کہ انسانی فضلہ کے لیے لگا ٹینک خالی تو نہیں۔
عدالت نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ کوئی بھی ہوائی جہاز خلاف ورزی کرتا پایا گیا یا لینڈنگ کے وقت انسانی فضلہ محفوظ کرنے والا ٹینک خالی نکلا تو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر ہرجانہ کے طور پر 50,000 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
عدالتی فیصلہ ایک ریٹائرڈ فوجی کی درخواست پر کیا گیا جنہوں نے ایئرلائنز پر الزام لگایا تھا کہ وہ انسانی فضلہ دہلی کے رہائشی علاقوں کے پاس آکر گرا دیتے ہیں۔