اسلام آباد ( ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریفنڈ کی یقین دہانی سے متعلق ای میلز نہ کھولیں، ایف بی آر نے تنبیہ کی ہے کہ ایک گروہ ٹیکس دہندگان کی معلومات اپنے فراڈ کے لیے اکٹھی کر رہا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عوام کو ٹیکس ریفنڈ کے نام پر بینکنگ معلومات حاصل کرنے والے فراڈیوں سے ہوشیار رہیں۔ایف بی آر کے مطابق جعل ساز عوام کو ایسی ای میلز بھیج رہے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وہ ٹیکس ریفنڈ اہل قرار پائے ہیں، ای میل میں ایک لنک پر کلک کرنے کا کہا گیا ہے جس کا ٹائٹل ’’ریسیو ریفنڈ ناؤ‘‘ (ابھی ریفنڈ وصول کریں) ہے۔جب صارف اس لنک پر کلک کرتا تو وہ ایک ویب سائٹ پر چلا جاتا ہے اس پیج کے اوپر ایف بی آر کا لوگو موجود ہے، اس پر کئی بینکوں کے لوگو بھی ہیں، صارف کو کہا جاتا ہے کہ وہ ٹیکس ریفنڈ کی وصولی کیلئے اپنے بینک کے لوگو پر کلک کرے۔اگر آپ غور سے دیکھیں تو اس ویب سائٹ کا یو آر ایل وہ نہیں جو کہا جارہا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی لنک کو نہ کھولیں، ساتھ ہی عوام کو تجویز دی ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹ سے متعلق معلومات ای میل یا فون پر کسی کو بھی نہ دیں۔ ترجمان ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایف بی آر کی سرکاری ڈومین کے علاوہ کسی دیگر ڈومین سے بھجوائی گئی ای میلز کو نظر انداز کیا جائے۔ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حال ہی میں بعض ٹیکس گذاروں کو جعلی ای میلز موصول ہوئیں، جس کے ذریعے ٹیکس گزاروں کو کمشنر ان لینڈ ریونیو سے رابطے کیلئے کہا گیا ہے۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام کی تمام ای میلز جعلی ہیں اور انہیں جعلی ای میل اکاؤنٹ سے بھیجا رہا ہے۔ عوام اور ٹیکس گذار ایف بی آر کی آفیشل ڈومین کے علاوہ کسی دیگر ڈومین سے بھجوائی گئی ای میلز کو نظر انداز کریں اور ان میں موجود کسی بھی لنک کو کھولنے سے اجتناب کریں۔ترجمان کے مطابق ٹیکس گذاروں کو ملنے والی یہ ای میلز سپیمنگ کے زمرے میں آتی ہیں ۔ایف بی آر نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے کہ کچھ افراد عوام کو ایف بی آر کا نمائندہ بن کر ٹیکس ریفنڈ وصول کرنے کا جھانسہ دے کر ای میلز کر رھے ہیں اور لوگوں سے ان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لے رھے ہیں۔ ایف بی آر کا ان کے مذموم حرکات سے کوئی تعلق نہیں۔ کسی بھی بات کی تصدیق کے لیے ایف بی آر ہیلپ لائن سے معلومات لیں۔ا س الیکٹرونک فراڈ کے ذریعے لوگوں کو ٹیکس ریفنڈ کے نام پر لوٹنے والے گروہ کی جانب سے ایف بی آر کے سرکاری لوگو کے پیج کو چوری کیا گیا ہے تاہم اس بارے میں جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اس قسم کے گروہ متحرک ہوئے تھے اور اس پر بھی ایف بی آر نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی تھی اورعوام کی آگہی کے لیے باقاعدہ وضاحت بھی جاری کی تھی۔واضح رہے کہ اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی ٹیکس دہندگان کو اس قسم کی جعلی ای میلز موصول ہو رہی تھیں جس پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مذکورہ گروہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس بارے میں ایف آئی اے سے بھی رجوع کیا تھا مگر اس کے باوجود یہ سلسلہ نہیں رک سکا۔