آج تک ہم اپنے بڑوں سے یہی سنتے آئے ہیں کہ بازار سے لائی جانے والی اشیا کو اچھی طرح پانی سے دھو کر استعمال کیا جائے- لیکن حال ہی ماہرینِ صحت نے کم سے کم مرغی کے گوشت کے معاملے میں تو اس بات کو غلط قرار دے دیا ہے-
برطانوی ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ مرغی کے گوشت کو جب کچن میں پانی سے دھویا جاتا ہے تو اس میں پایا جانے والا ایک بیکٹریا آس پاس کی اشیاء تک پھیل جاتا ہے جو کہ بعد میں فوڈ پوائزننگ اور دیگر بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔
ماہرین اس کا حل کچھ یوں بیان کرتے ہیں کہ جب آپ بازار مرغی کا گوشت لائیں تو اسے دھوئے بغیر ہی پکائیں٬ اس طرح بلند درجہ حرارت پر پکانے کی وجہ سے گوشت میں موجود تمام جراثیم خود ہی مر جاتے ہیں ۔
فوڈ سٹینڈرڈز ایجنسی (FSA) کے تحقیق کاروں کے مطابق مرغی کے گوشت میں پایا جانے والا کیمپلوبیکٹر نامی بیکٹریا فوڈ پوائزننگ کی بہت بڑی وجہ ہے اور ہر سال لاکھوں لوگ اس کا شکار بنتے ہیں-
اس بیماری کے مریضوں کو پیٹ میں درد، اسہال اور قے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ بچوں اور بزرگوں پر اس کے زیادہ اثرات مرتب ہوتے ہیں اور بعض صورتوں میں انہیں جان لیوا صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اگر آپ مرغی کو دھونا ضروری سمجھتے ہیں تو یہ کام کسی ایسے مقام پر سرانجام دیں جہاں آس پاس کھانے پینے کی اشیاﺀ یا پھر برتن وغیرہ موجود نہ ہوں.