اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر سابق کرکٹر وسیم اکرم کو انسداد پولیو مہم کا سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پولیو سےخاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پاکستان کو پولیوسے بچاؤ کے حفاظتی تدابیر اور پاکستانی حکومت کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامت پر روشنی ڈالی گئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت کے منشور میں شامل ہے کہ آئندہ 2 سے 3 سالوں کے اند ر اندر پاکستان کو پولیو فری بنا دیا جائے، پولیو کا مرض ہمارے ملک کے مستقبل کا دشمن ہے اس کے خاتمے تک کسی صورت بھی چین سے نہیں بیٹھ سکتے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسداد پولیو کے نامزد سفیر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پولیس کے صرف 2 قطروں سے آپ اپنے بچے کو ساری زندگی کے لیے معذوری سے بچا سکتے ہیں۔ اس لیے والدین سے اپیل یہی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو 2 قطرے پلا کر ساری زندگی معذور سے بچائیں اور اس مہم کو کامیاب بنائیں ۔ تقریب کے اختتام پر وسیم اکرم اور کوآرڈینٹر انسداد پولیو پروگرام نے مل کر معاہدے پر دستخط بھی کیے ۔ اس موقع پر وسیم اکرم نے تقریب میں شریک بچوں کو اپنے ہاتھوں سے پولیو کے قطرے بھی پلائے، اور بچوں سے گُل مل گئے، تقریب میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا بھی شریک تھے جنہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے لیے کیے جانے اقدامات کی تعریف کی گئی اور پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہا گیا۔