بحیرہ عرب میں بلوچستان کے قریب گہرے سمندر میں آبی بگولا دیکھا گیا۔ ماہی گیر نے ویڈیو بھی بنا لی۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کہتے ہیں یہ بگولا نہیں بارش برسانے والا سسٹم ہے جو جلد بلوچستان میں داخل ہو گا۔
کوئٹہ: (یس اُردو) پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے آثار نمایاں ہونے لگے۔ بحیرہ عرب میں بننے والے آبی بگولے کی پہلی ویڈیو سامنے آ گئی۔ بلوچستان کے ساحلی علاقے میں گہرے سمندر میں آبی بگولے کے دلچسپ مناظر دیکھے جا سکتے ہیں جنہیں لوئر دیر کے مہر گل نامی ماہی گیر نے ویڈیو میں محفوظ کر لیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر معظم خان کا کہنا ہے کہ تارنیڈو کی طرز کا واٹر اسپاؤٹ زیادہ تر گرم پانی میں بنتا ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات غلام رسول کہتے ہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں یہ آبی بگولا نہیں بلکہ بارش برسانے والا سسٹم ہے اور تیز ہوا کے باعث سمندر کی سطح متاثر ہونے سے یہ صورتحال نظر آ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سسٹم جلد بلوچستان میں داخل ہو گا اور موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔