دوشنبے : بین الاقوامی کانفرنس واٹر فار لائف تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں جاری ہے، وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ غربت کے خاتمے، خوراک اور توانائی کے تحفظ اور صاف ماحول کے لیے پانی انتہائی اہم ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں بین الاقوامی کانفرنس واٹر فار لائف میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ، کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور دیگر عالمی تنظیموں کے مندوبین شریک ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ غربت کے خاتمے ، خوراک اور توانائی کے تحفظ اور صاف ماحول کے لیے پانی انتہائی اہم ہے۔ 2025 تک دنیا کی دو تہائی آبادی کو پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔
اس سے پہلے وزیر اعظم تاجک ہم منصب قوہر رسول زادہ کی دعوت پر دوشنبے پہنچے تو تاجکستان کے اول نائب وزیر اعظم دولت علی سعید اور وزیر توانائی عثمان علی نے ان کا استقبال کیا۔ کانفرنس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف تاجک صدر امام علی رحمان ، بان کی مون اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔