آج رات کو دریائے چناب میں پانی ایک لاکھ کیوسک تک پہنچ جائے گا: ڈویژنل فلڈ کنٹرول حکام
گوجرانوالہ: بارشوں سے دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور ڈویژنل فلڈ کنٹرول حکام کا کہنا ہے کہ آج رات کو دریائے چناب میں پانی ایک لاکھ کیوسک تک پہنچ جائے گا۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح کو مانیٹر کرنے کےلئے مختلف سرکاری محکموں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین، نارووال اور حافظ آباد کی ضلعی انتظامیہ سمیت بلدیاتی اداروں کے سربراہان، محکمہ انہار، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
صوبائی اداروں کے ضلعی سربراہان پر پابندی لگادی گئی ہے کہ وہ کمشنر کی پیشگی اجازت کے بغیر ضلع سے باہر نہیں جاسکتے۔ ڈویژنل فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق ہیڈمرالہ پر آج پانی کی آمد 82 ہزار 400 کیوسک، اخراج 55 ہزار 470 کیوسک، ہیڈخانکی پر پانی کی آمد 68 ہزار 880 کیوسک، اخراج 57 ہزار 900 کیوسک اور ہیڈقادر آباد پر پانی کی آمد 62 ہزار 500 کیوسک، اخراج 52 ہزار 900 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ انچارج ڈویژنل فلڈ کنٹرول رانا منظورنے بتایا کہ آج رات کو دریائے چناب میں پانی ایک لاکھ کیوسک تک پہنچ جائے گا، تاہم خطرے کی کوئی بات نہیں، ڈویژنل انتظامیہ الرٹ ہے۔