کٹھ پتلی حکومت نے ملک میں 90 کی دھائی کے حالات پیدا کردیئے، چیئرمین بلاول بھٹو حالات کی بھٹی میں کندن بن چکے ہیں، وزیرالنسا چوہدری ایڈووکیٹ
گجرات/راولپنڈی(ایس ایم حسنین، خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ ضلع گجرات وزیرالنسا چوہدری ایڈووکیٹ نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے ملک میں 90 کی دھائی کی سیاست کے حالات پیدا کردیئے ہیں۔ جب اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی ملک گیر رابطہ عوام مہم کو روکنے کیلئے فوج کشی کی گئی اور نیب اور ایجنسیز کے ذریعے محترمہ کو روکنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 90 کی دھائی اور اس سے قبل مارشل لا کیخلاف جدوجہد نے محترمہ شہید کو عزم وہمت کا کوہ گراں بنا دیا تھااور آج کٹھ پتلی حکومت نے شہید رانی کے بیٹے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو روکنے کیلئے 90 کی دھائی کے تمام حربے آزمالیے ہیں۔ نیب کے ذریعے ان کے والد اورپھوپھو کو بے گناہ قید کیا گیا مگر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرتے کرتے کندن بن چکے ہیں اب وہ پاکستانی عوامی کے ساتھ کھڑے ہیں اور پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور کہیں زیادہ طاقت ور ہوچکے ہیں۔ انشااللہ حکومت کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جمہوری جدوجہد کے سامنے گھٹنے ٹیکنا پڑینگے اور ملک سے کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔