کراچی(یس نیوز) ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے رہنما کا بیان حقائق کے منافی ہے، اپنے بیان میں سیاسی رہنما نے ڈی جی رینجرز کو مخاطب کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق بیان میں کراچی آپریشن کا ہدف ایک فرد یا سیاسی جماعت دینے کا تاثردیاگیا، پاکستان رینجرز سندھ قانون کی بالادستی کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کررہی ہے، آپریشن کسی خاص جماعت یا گروہ کے خلاف نہیں۔ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن جرائم پیشہ افراد اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کیا جارہا ہے، کراچی آپریشن کا مقصد شہر میں دیرپا امن کا قیام ہے۔گزشتہ روز ایم کیو ایم رہنما وسیم اخترنے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈی جی رینجرز بڑے ہیں، کسی بات پر ناراض ہیں تو خدا کے واسطے ناراضی بھول جائیں، مئیر کراچی نامزد ہوتے ہی مجھ پر ایک دن میں بیس جھوٹے مقدمات بنادیئے گئے، گورنر سندھ کا کراچی کے معاملات میں دلچسپی لینا خوش آئند ہے۔