ملتان: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے دور میں بنے نیب پر ہمارا کوئی اعتماد نہیں تاہم آمر کی تخلیق کو تحقیقات کا آزادانہ موقع دیا جائے گا۔
We do not believe in Musharraf’s NAB, Maulana Fazal ur Rahman
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں کے رویے سخت ہوجاتے ہیں لیکن ہم (ن) لیگ کے اتحادی رہے ہیں ہمارا اخلاقی فرض بنتا ہے کہ مشکل کے اس وقت میں ہم ان کے ساتھ دیں جب کہ پاکستان میں باقاعدہ دینی اتحاد بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ احتساب بیورو ڈکٹیٹر کی تخلیق ہے جس پر ہمارا اعتماد نہیں لیکن پھر بھی ڈکٹیٹر کی تخلیق کو آزادانہ تحقیقات کا موقع دیا جائے گا تاہم جس سپریم کورٹ نے نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ دیا وہی نیب کی نگرانی کرے گی تو کسی اچھے فیصلے کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ فاٹا کے انضمام کے حوالے سے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمیں فاٹا کے انضمام اور علیحدہ صوبے پر کوئی اختلاف نہیں لیکن اگر قبائلی عوام کے طرز زندگی کو بدلا جارہا ہے تو عوام سے بھی رائے لینا ضروری ہے۔