لاہور: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جن کو اپنے شہیدوں پر فخر ہوتا ہے وہ ڈھول بجا کر ہی ان شہادتوں کو مناتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کہتے ہیں پی پی پی والے شہادتیں ڈھول بجا کر مناتے ہیں، ہم فخریہ طور پر یہ کرتے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شہید زندہ ہوتے ہیں، ان کو ہمیشہ یاد کیا جاتا ہے، الیکشن کے ماحول میں بی بی کی سال گرہ آنا ہمارے لیے ولولے کا باعث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر دور میں ہمارے خلاف سازشیں ہوئیں لیکن پی پی نے کم بیک کیا، بی بی کے وژن اور منشور کو لے کر پاکستان کے مسائل حل کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے چند دنوں میں پارٹی کا انتخابی منشور لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’سب کا پاکستان‘ کا خواب بھٹو اور بی بی نے دیکھا تھا ہم اس کی تجدید کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ خوش حال پنجاب میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے، عدالتوں نے 56 کمپنیوں میں کرپشن کیس نکال لیا ہے، پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کافرنٹ مین نیب کے پاس ہے۔
قمر زمان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کا فرنٹ مین بھی نیب زدہ ہے، پورے خاندان پر نیب کے کیسز ہیں اور میاں صاحبان کیسز سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔
انھوں نے عمران خان کو بھی مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا، خان صاحب شوکت خانم چلاتے ہیں اس کی تعریف ساری دنیا کرتی ہے لیکن آپ نے پانچ سال میں کون سا نیا پروگرام دیا۔