لاہور(اصغر علی مبارک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جامعہ نعیمیہ کے دورے کے دوران جوتا مارنے والے تینوں ملزمان نے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔ درخواست میں ملزمان نے موقف اپنایا کہ ہم نے نواز شریف کو جوتا ختم نبوت کے معاملے پر مارا ، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس کے بعد ملزمان کی درخواستوں کو متعلقہ عدالت بھجوادیا گیا ۔
کینٹ کچہری نے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزمان کا اقدام دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ کو درخواست ضمانت سننے کا اختیار نہیں ہے۔ خیال رہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی تھیں۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پر جوتاپھینکنے کے واقعہ پر باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا، درج کی جانے والی ایف آئی آر میں جوتا پھینکنے کے واقعہ کے الزام میں ملوث تین افراد پر سولہ ایم پی او ،506 اور 355دفعات کا اندراج کیاگیا