کراچی(نیوز ڈیسک ) اے پی ایم ایل یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ہمیں اس مقام تک نہ لے جائیں جہاں پر بھارتی فوج کو دوبارہ سبق سکھایا جائے۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارت نے کارگل اور ایئر اٹیک سے سبق نہیں سیکھا، ہمیں اس مقام تک نہ لے جائیں جہاں پر بھارتی فوج کو دوبارہ سبق سکھایا جائے، کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح بہتا ہے، کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے 9ویں یوم تاسیس کی تقریب میں دبئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اے پی ایم ایل کے اعلامیہ کے مطابق سابق صد جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم بار بار بھارت کو امن کا پیغام دے رہے ہیں جبکہ بھارت دھمکیاں دے رہا ہے۔ بھارت سمجھ لے، پاک فوج چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھی، شاید بھارتی فوج کارگل جنگ بھول گئی ہے، بھارت نے بل کلنٹن کے پاس اپنا سفیر بھیجا تھا تا کہ پاکستان سے کہا جائے اپنی فوج پیچھے کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ ہم جب میدان میں آئیں گے بھارت کو سبق سکھائیں گے۔ یوم تاسیں کی تقاریب میں سیکریٹری جنرل مہرین ملک، شیر عالم، نعیم مصطفیٰ، امبر نعیم اور کراچی میں اسلم مینائی اور دیگر بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ کارگل کی جنگ میں پرویز مشرف کی زیر سرپرستی پاکک فوج آخری محاذ تک گھس گئی تھی اور اس وقت کے وزیر اعظم واجپائی نے امریکی حکام کے ساتھ اپنے نمائندے بھیجے تھے کہ پاکستان کو کہا جائے کہ اپنی فوجیں واپس بلائیں ، جس پر امریکی مداخلت پر اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے افواج پاکستان کو واپسی کا حکم دیا تھا