اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے واضح کیا ہے کہ پاکستان مہلک اور غیر روایتی ہتھیار ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کے ہاتھ لگنے نہیں دے گا۔وزارت خارجہ کے تحت اقوم متحدہ (یو این) کی سلامتی کونسل کی قرار داد 1540 کے نفاذ کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نہایت ہی ذمہ دار ایٹمی ملک ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر ریاستی عناصر کی جانب سے غیر روایتی اور مہلک ہتھیاروں تک رسائی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ان کے مطابق پاکستان نے اس حوالے سے پہلے ہی وسیع تر قانونی اور ریگولیٹری اقدامات بھی کیے ہیں۔سرتاج عزیز نے اپنے خطاب میں پرامن مقاصد کے لیے ترقی پذیر ممالک کو ایٹمی ٹیکنالوجی کی سہولت فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل ممالک کو ایٹمی برآمدی کنٹرول کے نظام میں برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔مشیر خارجہ نے کانفرنس میں شامل عالمی رہنماؤں اور ماہرین پر واضح کیا کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) کی رکنیت کے لیے مطلوبہ معیار پر پورا اترتا ہے۔سرتاج عزیز نے این ایس جی کی رکنیت کے لیے ایک شفاف اور غیر متوازی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔خیال رہے کہ 2 روزہ کانفرنس میں چین، روس، جنوبی و وسطی ایشیا کے ممالک کے نمائندوں، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے آئی اے) آرگنائزیشن فار دی پروہبیشن آف کیمیکل ویپنز (او پی سی ڈبلیو)، انٹرنیشل کرمنل پولیس آف آرگنائزیشن یعنی انٹرپول اور سلامتی کونسل کی کمیٹی برائے 1540 کے رکن ممالک کے مندوبین سمیت جوہری ماہرین شریک ہوئے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 1540 کو 2004 میں منظور کیا تھا، جو غیر روایتی اور مہلک ہتھیاروں کو غیر ریاستی عناصر سے محفوظ رکھنے اور ایٹمی مواد کے عالمی طور پر پھیلاؤ کے روکنے کے حوالے سے ہے۔