اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
وزیراعظم نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، پرویز رشید، خرم دستگیر، شاہد خاقان عباسی اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔
انہیں 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
قطرکے حکمران کے طور پر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ امیر قطر کے وفد میں وزرا، قطر ایئرویز کے چیئرمین اور دیگر سینئر حکام بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر امیر قطر اور پاکستانی قیادت باہمی، علاقائی اور عالمی امور کے علاوہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمتی عمل پر بھی گفتگو کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شیخ تمیم بن حمادالثانی نے 2010ء میں قطر کے ولی عہد کے طور پر پاکستان کا دورہ کیا تھا۔