واہ کینٹ (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں کراچی آپریشن میں تیزی آئی ہے، جس سے حالات بہتر ہوئے ہیں،ا یم کیو ایم یا پیپلز پارٹی کے کراچی آپریشن پر کوئی تحفظات ہیں تو وہ دور کرنے کو تیار ہیں۔
واہ کینٹ میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں صحافیوں کو نشانہ بنانا بہت تشویشناک ہے، بیماری پر ہی مریض کا آپریشن کیا جاتا ہے، کراچی میں آپریشن ایسے ہی جاری رہیگا، وفاقی وزارت داخلہ اسے مانیٹر کررہی ہے ،2013 اور آج کے شہر قائد میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے 28 اگست 2013ء کو آپریشن کا مطالبہ کیا، تمام پارٹیوں سے مشاورت کر کے اس آپریشن کا آغاز کیا، جس کے بعد حالات میں بہتری آئی۔
چوہدری نثار نے بلوچستان کے امن کے حوالے سے کہا کہ 2013 ءمیں پہلی بار کوئٹہ گیا تو سنسان شہر تھا ،آج 90 فیصد پنجابی بلوچستان اور کوئٹہ واپس آ چکے ہیں۔