لاہور / کراچی / کوئٹہ / پشاور / سیالکوٹ: چیمپئنر ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا وطن واپس پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا۔
کپتان سرفراز احمد اورفاسٹ بولر رومان کراچی پہنچے تو گورنر سندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر، صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر اور دیگر اہم شخصیات نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ قومی ہیروز کو دیکھ کر وہاں موجود لوگ بھی جذباتی ہوگئے اور پورا ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پرعوام نے قومی ہیروز کے ساتھ سیلفیاں لیں اور وڈیوز بنائیں۔ بعد ازاں سرفراز احمد اپنے گھر پہنچے تو قومی جوش و جذبے سے لبریز عوام کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔
اس سے کچھ ہی دیر قبل قومی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی احمد شہزاد، حسن علی، بابر اعظم اور فہیم اشرف 3 ٹیم آفیشلز کے ہمراہ دبئی سے لاہورپہنچے۔ ان کا استقبال وزیر کھیل رانا مشہود احمد اور میئر لاہور نے کیا۔ ایک سنچری اوردو ففٹیاں بنانے والے قومی ٹیم کے اوپنرفخرزمان پشاورایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، جس کے بعد وہ اپنے آبائی علاقے کاٹلنگ روانہ ہوگئے۔ گھر پہنچنے پر بھی فخر زمان کا شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔
دوسری جانب شاداب خان اور عماد وسیم اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے لیکن صورت حال اس وقت بدمزگی کا شکارہوئی جب دونوں قومی ہیروز کے گھر والوں کو ہی راول لاؤنج میں جانے نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر شاداب کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ہی بھائی کے استقبال کے لئے جانے نہیں دیا جارہا، انتظامیہ کو کئی بار بتایا کہ شاداب ہمارا بھائی ہے مگر کوئی نہیں سن رہا۔
آئی سی سی میگا ایونٹ کے پلئیرز آف دی ٹورنامنٹ حسن علی بھی اپنے آبائی علاقے پہنچ گئے ہیں، جہاں لوگوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ نوجوانوں نے قومی ہیرو کو دیکھتے ہی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کردئے۔ اس کے علاوہ حارث سہیل بھی سیالکوٹ پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ شعیب ملک، محمد حفیظ، جنید خان اور اظہر علی اب بھی نجی مصروفیات کی وجہ سے برطانیہ میں موجود ہیں۔