تہران …..ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک اپنے وعدوں پر قائم رہے تو تہران بھی تاریخی جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرے گا ۔
ایرانی صدر حسن روحانی سے تہران میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو نے ملاقات کی،جس میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ سفارتکاری کی تاریخ میں ایک منفرد مثال ہے ، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہش مند نہیں رہا ، اگر مغربی ممالک کی جانب سے معاہدے کی پاسداری کی گئی تو ایران بھی جوہری معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔