ممبئی: نام کے ذریعے انسان کی پہچان ہوتی ہے تاہم کئی بار گھروالوں اور دوستوں کی جانب سے بچپن میں بچوں کے نام بگاڑ دئیے جاتے ہیں یا انہیں منفرد نام دے دیا جاتا ہے جو ان کی شخصیت کا حصہ بن جاتا ہے، عام لوگوں کی طرح بالی ووڈ کے نامور اداکاروں کو بھی ان کے گھر والے اور دوست منفرد ناموں سے پکارتے ہیں۔
فلموں میں انٹری سے قبل اداکارہ عالیہ بھٹ کا وزن کافی زیادہ تھا جس کی وجہ سے ان کے گھر والوں نے عالیہ کو مختلف نام دے رکھے تھے جیسے ان کی والدہ انہیں ’’آلو کچالو‘‘ کے نام سے پکارتی تھیں جبکہ دیگر افراد عالیہ کو ’’بٹاٹا وڑا‘‘، ’’آلو بالو‘‘ اور’’آلو کالو‘‘ کے نام سے پکارتے تھے۔
کروڑوں دلوں پرراج کرنے والی سابق ملکہ حسن اور نامور اداکارہ ایشوریا رائے بالی ووڈ میں ایش کے نام سے جانی جاتی ہیں لیکن گھر میں انہیں ’’گلو‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپورکو ان کے گھر والے ’’ڈبو‘‘ کے نام سے بلاتے ہیں، ان کی والدہ اپنے بیٹے کو ’’ریمنڈ‘‘ اور دادا راج کپور بچپن میں گول مٹول ہونے کی وجہ سے انہیں ’’گینگلو‘‘ کہا کرتے تھے۔
بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں یکساں مقبول اداکارہ پریانکا چوپڑا کا نک نیم ’’میمی‘‘ ہے، اس کے علاوہ پریانکا کو ان کے دوست ’’پیگی‘‘ کہہ کر بھی بلاتے ہیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار و پروڈیوسر کرن جوہر کا نک نیم ’’کٹوبٹو‘‘ ہے، یہ نام انہیں بچپن میں وزن کی زیادتی کے باعث دیا گیا تھا۔
بالی ووڈ میں فیشن آئیکون کے نام سے مشہور اداکارہ سونم کپورکو ان کے والد انیل کپور لمبے قد کے باعث ’’زرافہ‘‘ کہتے ہیں۔
اداکارہ شردھا کپورمعروف اداکار ورون دھون کی بچپن کی دوست ہیں۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچپن میں ورون انہیں ’’چیرکوٹ‘‘ کہا کرتے تھے۔
خوبرو اورباصلاحیت اداکارہ انوشکا شرما کو پیار سے ان کے گھر والے ’’نوشی‘‘ کہتے ہیں۔