اکثر کہا جاتا ہے کہ نام میں کیا رکھاہےلیکن بھارت کی فلمی دُنیا میں جھانک کر دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ نام ہی سبھی کچھ ہے۔امیتابھ بچن سے لے کر سلمان خان تک یہ بڑے بڑے نام ہی تو ہیں جو لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہیں۔
تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان کے پسندیدہ اداکار جب پیدا ہوئے تھے تووالدین نے ان کا نام کچھ اور رکھا تھااور جب وہ فلم انڈسٹری میں آئے تو دُنیا نے انہیں بالکل مختلف ناموں سے پہچانا۔
امیتابھ بچن کتنا پیارا نام ہے لیکن اگر’بگ بی‘ اپنے اصل نام ’انقلاب سروستاوا‘سے ہی جانے اور پہچانے جاتے تو آپ کو کیسا لگتا؟کیا انقلاب نامی اداکار امیتابھ نامی سپراسٹار سے زیادہ مقبول ہوتا؟
سلمان خان نے بھی اپنے اصل نام کو ذرا مختصر کرکے شہرت حاصل کی ہے۔ ان کے بچپن کا نام ’عبدالرشید سلیم سلمان خان‘تھا۔ذراسوچئے اگرآپ کا یہی پسندیدہ اداکار عبدالرشید ہی ہوتا کیسا لگتا؟اور ریکھا ، ریکھا نہ بنتیں ’گھنوریکھاگنیشن ‘ ہی رہتیں تو کتنا مشکل ہوتا؟
تامل فلموں کے بے تاج بادشاہ رجنی کانت کو کون نہیں جانتا۔وہ مہاراشٹر میں پیدا ہوئے اور ان کا پیدائشی نام ’شیواجی رائوگائیکواڑ‘ رکھا گیا تھالیکن اب دنیا انہیں رجنی کانت کے نام سے جانتی اور مانتی ہے۔انیل کپورنے 2001ء کی مقبول فلم ’نائیک‘ میں شیواجی رائو کا کردار ادا کیا تھا۔
پریٹی زنٹا کا نام ان کی شخصیت کی طرح کتنا پیارا لگتا ہے ۔لیکن وہ اپنے اصلی نام ’پریتم سنگھ زنٹا‘ کے نام سے ہی فلموں میں کام کرتیں توآپ کو نہیں لگتا کہ ان کا نام اور شخصیت دوالگ الگ خانوں میں دکھائی دیتے؟
ماضی کی مقبول اداکار مدھوبالااپنے نام کی طرح انتہائی خوبصورت تھیں لیکن بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ ان کا اصل نام ’بیگم ممتاز جہاں دہلوی‘ تھا۔کترنیہ کیف بھی جب لندن سے بالی ووڈ آئی تھیں تو ان کا نام کترنیہ ترکوٹ تھاتاہم انہوں نے جیکی شروف کی بیوی عائشہ کے کہنے پر اپنا نام تھوڑا آسان یعنی کترینہ کیف کر دیا۔
دھرمیندرکااصل نام بھی دھرم سنگھ دیول تھالیکن فلمی دُنیا میں وہ دھرمیندرکے نام سے مشہور ہوئے۔اب ان کے بیٹے دیول کے نام سے ہی جانے جاتے ہیں۔گوونداکا اصل نام بھی گووند ارون آہوجہ تھاجسے انہوں نے گووندامیں تبدیل کر کے اپنے چاہنے والوں کے لیے آسانی پیدا کردی۔
اسی طرح گرودت کا اصل نام آپ کو پتہ چل جائے تو اسے یاد کرنے میں زمانے لگ جائیں۔ ان کا اصل نام ’وسنت کمارشیوشنکر پدوکون‘تھاتاہم کسی مغالطے میں ہرگزنہیں رہنا چاہیے گرودت کا آج کی فلمسٹاردپیکا پدوکون سے کوئی رشتہ نہیں تھا۔
جان ابراہام کا پیدائشی نام فرحان ابراہام تھا۔والدہ انہیں فرحان ہی کہتی تھیں جبکہ والد جان کے نام سے پکارتے تھے۔ فرحان جب فلموں میں آئے تو انہوں نے جان ابراہام ہی کہلانا پسند کیا۔سری دیوی جو ہمیں کچھ ہی دن پہلے اُداس چھوڑ گئی ہیں ان کا اصل نام بھی ’شری اماںینگرایاپن‘تھا۔دیوآنندکا نام بھی اتناہی مشکل یعنی ’دھرم دیودت پشوری مل آنند‘تھا۔
اگرتبو اپنا اصل نام ’تبسم ہاشمی خان‘ ہی برقرار رکھتیں تو پھر بھی کتنی اچھی لگتیں۔آشوینی شیٹی بھی اگر شلپا شیٹی نہ بنتیں تو کچھ زیادہ مختلف نہ ہوتیں لیکن ان کی والدہ کے خیال میں فلمی دنیا میں نام کی تبدیلی خوش بختی کے دروازے کھول سکتی ہے۔
اکشے کمار اگر اپنے اصلی نام ’راجیوہری اوم بھاٹیہ ‘سے ہی فلموں میں جلوہ گرہوتے تو کتنا مشکل ہوتا تاہم انہوں نے اپنے اصلی نام کو خود سے الگ نہیں ہونے دیا۔اب ان کے پروڈکشن ہائوس کا نام ’ہری اوم انٹرٹینمنٹ‘ ہے۔وشال ویردیوگن کو کوئی نہیں جانتا لیکن اجے دیوگن کو سب جانتے ہیں۔
ماضی کے معروف اداکار راج کپور کا اصل نام بھی رنبیرراج کپور تھالیکن انہوں نے اپنے نام کے ساتھ رنبیر کا استعمال ترک کر دیا تھا۔اب یہ نام ان کے پوتے رنبیر کپورکے ساتھ جڑا ہے اورانگوٹھی میں نگینے کی طرح چمک رہا ہے۔شمشیر راج کپوربھی اپنے اصل نام کے بجائے شمی کپور کے نام سے مشہور ہوئے۔
یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے لیکن بہت کم لوگوں کے علم میں ہے کہ راجیش کھنہ جب پیدا ہوئے تھے تو والدین نے ان کا نام جتن رکھاتھا۔جیکی شروف بھی فلموں میں آنے سے پہلے جیکیشاکاکوبھائی کہلاتے تھے۔سیف علی خان بھی فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے ساجد علی خان تھے۔
ملکہ شراوت اگر ریما لامبا ہی رہتیں تو پھر بھی اچھی لگتیں لیکن انہوں نے فلمی دنیا میں ملکہ شراوت کے نام سے ہی مشہور ہونا پسند کیا۔اسی طرح کرنجیت کور وہرہ کو آج ہم سب سنی لیونی کے نام سے جانتے ہیں۔اگروہ اپنا نام تبدیل نہ کرتیں تو کتنی دیسی دیسی سی لگتیں۔