پشاور (ویب ڈیسک) پشاور میں ملزم نے فائرنگ کر کے والد سمیت چچا اور تین بھائیوں کو قتل کر دیا ہے۔ ملزم نے فائرنگ کے بعد خود کشی کر لی، واقعہ میں ملزم سمیت چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔پشاور کے علاقے تہکال میں عبداللہ نامی شخص نے گھریلو تنازع پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ملزم کا والد، چچا اور تین بھائی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق عبداللہ نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ علاقے میں ایک ہی گھر سے چھ جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔ پولیس کے مطابق عبداللہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول تحویل میں لے لیا گیا ہے اور واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔